برن (جسارت نیوز) سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس ا سٹار اور 20 گرینڈ سلام کے فاتح راجر فیڈرر اپنے دہنے گھٹنے کا مزید آپریشن کرانے کے بعد بقیہ 2020ء سیزن سے باہر ہو گئے ۔اس سے قبل 20 مرتبہ گرینڈ سلام کے فاتح کی ابتدائی آرتروسکوپک سرجری فروری میں ہوئی تھی لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ مکمل طور پر فٹنس مسائل سے چھٹکار حاصل نہیں کر پائے۔ پیشہ ورانہ ٹینس ایونٹس کو کورونا وائرس وبائی مرض کے باعث مارچ سے معطل کر دیا گیا تھا۔ سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اور 20 گرینڈ سلام کے فاتح 38 سالہ راجر فیڈرر نے بیان میں کہا کہ وہ 2021ء سیزن کے آغاز پر سب کو دوبارہ ٹینس کورٹس میں دیکھنے کے منتظر رہیں گے۔ 38 سالہ راجر فیڈرر جنوری میں آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں سربین ٹینس اسٹار نوویک جوکووچ سے شکست کے بعد نہیں کھیل سکے ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ 2016ء میں گھٹنوں کی انجری کے سبب پورے سیزن کے متعدد ایونٹس میں شرکت سے محروم رہ گئے تھے لیکن اگلے سال2017ء کا آغاز آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے سے کیا تھا اس کے بعد انہوں نے اسی سال کا ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ بھی جیتا تھا۔راجر فیڈرر نے کہا کہ چند ہفتوں قبل میری ٹینس کورٹ میں واپسی پر میچ کے دوران مجھے دائیں گھٹنے میں دوبارہ تکلیف شروع ہو گئی تھی جسکی وجہ سے مجھے گھٹنے کی ایک اضافی آرتروسکوپی کرانا پڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس مسائل سے چھٹکارہ پانے کے بعد جیسے میں نے 2017ء کے سیزن میں واپسی کی تھی، اسی طرح میں اپنے اعلی سطح کے ایونٹس میں بھرپور طریقے سے کھیلنے کے لئے اور 100 فیصد فٹ ہونے کے لئے ضروری وقت نکالنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔کورونا وائرس کی وجہ سے اے ٹی پی ٹور کم از کم جولائی کے آخر تک بند ہے اور سال کا چوتھا گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 31 اگست سے شروع ہونا ہے جبکہ 20 ستمبر سے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز ہونا ہے۔ واضح رہے کہ راجر فیڈرر اب تک 103 اے ٹی پی ٹائٹلز اپنے نام کر چکے ہیں جبکہ انکو امریکی ٹینس اسٹار جمی کونرز کے ریکارڈ 109 ٹائٹل سے آگے نکلنے کے لئے مزید سات فتوحات کی ضرورت ہے۔
راجر فیڈر کی گھٹنے کے مزید آپریشن کے بعد کورٹس میں واپسی ناممکن ہوگئی
القمر
