صوفیہ (جسارت نیوز) بلغاریہ کے نامور ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر 19 گریگور دیمیتروف کا کروشیا میں کھیلے گئے اے ٹی پی ایڈریہ ٹور ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ اور بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف حالیہ اے ٹی پی ایڈریہ ٹور ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔ گریگور دیمیتروف ہم وطن 29 سالہ بورنا کورک کی ایونٹ میں ابتدائی شکست کے بعد بیماری کے سبب گزشتہ ہفتہ کو کروشیا کے شہر زغرب میں ہونے والے دوسرے اے ٹی پی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔ گریگور دیمیتروف نے بیان میں کہا کہ بیماری کے باعث مجھے پہنچنے والے نقصان اور ایونٹ سے دستبرداری پر بہت افسوس ہے۔ عالمی نمبر ایک سرب کھلاڑی نوویک جوکووچ ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئے تھے، فائنل میچ اتوار کو کھیلا جانا تھا جو گریگور دیمیتروف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میں منسوخ کر دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گریگور دیمیتروف نے اس سے قبل پچھلے ہفتے بلغراد میں پہلے ایونٹ میں بھی بھرپور شرکت کی تھی۔ گریگور نے کہا ہے کہ موناکو میں انکا کوویڈ 19 کا ٹیسٹ لیا گیا جس کا نتیجہ مثبت ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ گذشتہ دنوں میں جو بھی مجھ سے رابطے میں رہا ہے اس کو کوویڈ 19 ٹیسٹ لازمی کرانا چاہئے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیں۔ ٹورنامنٹس کا انعقاد سربین عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے کیا تھا تاکہ کھلاڑی کو کئی ہفتوں کے بعد فٹنس اور فارم میں واپس لانے میں مدد فراہم کی جاسکے۔
گرگور دیمیتروف کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا
القمر
