جھڈو(نمائندہ جسارت) خوردہ فروشوں کی من مانیوں کے باعث مرغی کے گوشت کی قیمت میں دیگر شہروں کے مقابلے میں کمی نہیں آسکی ہے،جس پر صارفین نے شدید احتجاج کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جھڈو میں دیگر شہروں کے مقابلے میں مرغی کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں اور صارفین سے فی کلو پر 40روپے تک زائد اور اضافی وصول کیے جارہے ہیں، ڈگری میں مرغی کاگوشت 320 روپے فی کلو ٹنڈو جان محمد میں 340روپے فی کلو اور جھڈو میں 360روپے فی کلو میں فروخت کیاجارہاہے۔اس حوالے سے مرغی کے خوردہ فروشوں کا کہناہے کہ انہیں پولٹری ڈیلر ہول سیل ریٹ میں اگر زندہ مرغی مہنگے داموں فروخت کریں گے تو وہ کیسے مرغی کا گوشت سستا فروخت کرسکتے ہیں۔انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ نواحی شہروں کے ہول سیل ریٹ پر خوردہ فروشوں کو زندہ مرغی کے گوشت کی فراہمی یقینی بنائے تو مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی ممکن ہے۔دوسری جانب صارفین اور شہری حلقوں نے اس کاذمے دار انتظامیہ کو قراد دیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ جھڈو میں زندہ مرغی کا ہول سیل ریٹ نواحی شہروں کے مقابلے میں کم ہے لیکن گوشت کی خوردہ قیمت کیونکر زیادہ ہوسکتی ہے، انتظامیہ کو ناجائز منافع خوری کا فوراً نوٹس لے کر مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو اعتدال پر لانا چاہیے۔
جھڈو،مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی نہ آسکی،صارفین پریشان
القمر
