English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

کراچی: ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا جو حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر ختم ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس صبح 9 بجے مارٹن روڈ امام بارگاہ سے نشر پارک پہنچ گیا جہاں مرکزی مجلس منعقد کی گئی ہے۔ جس کے بعد مرکزی جلوس ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔

مرکزی جلوس نشتر پارک، سر شاہنواز بھٹو روڈ، فادر جیمس روڈ سے گزرے گا اور محفل شاہ خراساں پر آنے کے بعد مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

کراچی میں چہلم کے جلوسوں کے روٹ پر اور اطراف میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر کراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد کی جانے والی پابندی کا اطلاق بدھ کی شب 12 بجے سے نافذ العمل ہوگیا۔ جو آج رات 12 بجے تک جاری رہے گا۔

تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، صحافیوں، خواتین، بزرگ اور 12 سال سے کم عمر بچوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

راولپنڈی میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس دن 11 بجے امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوگا۔

جلوس ٹرنک بازار، بینک چوک،فوارا چوک سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ بنی میں اختتام پذیر ہوگا۔ چہلم کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر 1500 اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ کالج روڈ کی طرف ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر دوجلوس نکالےجائیں گے۔ مرکزی جلوس علمدار روڈ پر صبح 10بجے برآمد ہوگیا ہے جبکہ چہلم کے سلسلے میں دوسرا جلوس ہزارہ ٹاون میں نکالا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ میں سیکیورٹی کے لیے 6ہزار سے زائد پولیس اور دیگر اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں موبائل فون سروس صبح 9 سے رات 8 بجے تک بندرہے گی۔

اس کے علاوہ کوئٹہ کے 3 تھانوں کی حدودمیں موٹرسائیکل چلانے پر ایک دن کے لیے پابندی عائد ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے