English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مقبوضہ علاقے آزاد کرانے تک آذربائیجان کا جنگ بندی سے انکار( فرانس، امریکا اور روس نے سرجوڑ لیے)

القمر

باکو/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ جسارت) آذر بائیجان نے مقبوضہ علاقہ آزاد کرانے تک جنگ بندی سے انکار کردیا۔پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علیزادے نے کہا ہے کہ آرمینیائی افواج فوری اور غیر مشروط طور پر ہمارے علاقوں سے نکل جائیں۔اسلام آباد میں آذربائیجان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشنز اور ملٹری اتاشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آرمینیا کو فوری طور پر آذربائیجان کے علاقے خالی کردینا چاہیں، ہمارا مطالبہ فوری اور غیر مشروط انصاف ہے۔ علی علیزادے نے کہاکہ آذربائیجان کی جانب سے کبھی بھی آرمینیا کے شہری علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا گیا، ہماری افواج صرف عسکری تنصیبات کو ہی نشانہ بناتی ہیں۔اس موقع پر ملٹری اتاشی کرنل مہمان نوروز کا کہنا تھا کہ آرمینیا گمراہ کن خبریں پھیلا رہا ہے کیونکہ میدان جنگ میں اس نے اپنی شکست دیکھ لی ہے، ہم نے آرمینیا کے کسی علاقے کو نشانہ نہیں بنایا، صرف اپنے مقبوضہ علاقوں سے قبضہ چھڑوانے کے لیے کارروائی کی ۔آذربائیجان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشنز سمیر گلئیوف کا کہنا تھا کہ آرمینیا نے بیرون ملک سے آئے دہشت گردوں کو مسلح کر کے محاذ پر بھیجنا شروع کر دیا ہے جب کہ آذربائیجان صرف اپنی سالمیت کا دفاع کررہا ہے۔دوسرجانب آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین جنگ روکنے کے لیے فرانس، امریکا اور روس نے سر جوڑ لیے، تینوں ممالک کے نمائندے جنیوا اور ماسکو میں اہم ملاقاتیں کریں گے۔ تینوں ممالک منسک گروپ کا حصہ ہیں جو کاراباخ میں پہلے بھی جنگ بندی کراچکا ہے۔ ترکی نے منسک گروپ پر لڑائی کی وجوات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگا یا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آرمینیا کے 30 جنگجو ہلاک ہوئے جبکہ تعداد 350 تک پہنچ گئی، آرمینیا کے صدر نے اپنے قومی سلامتی کے مشیر کو برطرف کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے