مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح شمالی نابلس کے شہر سبسطیہ کا محاصرہ کیا اور راستے بند کرکے فلسطینی شہریوں کو داخل ہونے سے روک دیا۔ مرکز اطلاعات کے مطابق شہر کے ناظم محمد عظیم نے کہا ہے کہ قابض فوج نے قصبے کے 3 داخلی دروازوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور کسی کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس دوران شہریوں کو مسلسل ہراساں کیا جاتا رہا۔ دریں اثنا صہیونی اہل کاروں نے رام اللہ کے مغرب میں شقبا گاؤں پر حملہ کیا اور مقامی رہایشی کے ملکیتی بلڈوزر اور زرعی سامان ضبط کرلیا۔ دوسری جانب فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں الامعری پناہ گزین کیمپ پر صہیونی فوج نے چھاپا مارا اور کیمپ میں گھس کر وہاں موجود افراد کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم سے کم 12 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ صہیونی فوج نے اندھا دھند آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کی فائرنگ کی۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز بھی قابض اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں موجود ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کرنے سے پہلے اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔ نوجوان کی شناخت سفیان الرجبی کے نام سے ہوئی اور اسے مسجد کے الغوانمۃ دروازے کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں درجنوں یہودی آباد کاروں نے پیر کی صبح فلسطینی کسانوں پر اس وقت حملہ کردیا، جب وہ صوبہ رام اللہ کے البرقع گاؤں میں زیتون چننے کے لیے اپنی زمین کی طرف جارہے تھے۔ یہودی شرپسندوں نے فلسطینی کسانوں پر شدید پتھراؤ کیا۔
صہیونی فوج نے فلسطینی شہر کا محاصرہ کرلیا‘ شہریوں پر تشدد
القمر
