English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ میں گندم بوری کی قیمت 3687 روپے مقرر ، آرڈیننس واپس لینے تک جزائر پر وفاق سے بات نہ کرنیکا فیصلہ

القمر

 

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ کابینہ نے 100 کلو گندم کی بوری کی سرکاری قیمت 3687.50 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ گندم کی نئی قیمت مقرر ہونے کے بعد ایکس مل آٹا کی قیمت میں 9.13 روپے فی کلوگرام کمی ہوگی اور آٹا عوام کو 47.87 روپے فی کلو دستیاب ہوگا۔ سندھ کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری فوڈ نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت صوبے کے6 ڈویژنز میں 1.262 ایم ایم ٹی گندم کا ذخیرہ موجود ہے‘مارکیٹ میں آٹے کی قیمت فی کلو 57 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آٹے کی قیمت کو نیچے لانا ہوگا۔ وزیر خوراک ہری رام کی سفارش پر فلور ملز کو 16 اکتوبر سے گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ ایکس مل کی سطح پر آٹے کی قیمت میں کمی کو یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرتے رہیں تاکہ وہ خوردہ سطح پر قیمت پر قابو پاسکیں۔ وزیراعلیٰ
سندھ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کو متحرک کریںتاکہ عوام کو فی کلو قیمت میں 9.13 روپے کی کمی کے فائدے سے مستفید کریں‘مہنگائی میں کمی کیلیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب سندھ کابینہ نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے آئی لینڈ اتھارٹی کے قیام کے متنازع آرڈیننس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کابینہ کے ارکان کا کہنا تھا کہ جب تک متنازع آرڈیننس واپس نہیں لیا جاتا ہے تب تک وفاقی حکومت سے جزائر کے معاملے پر کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی‘ یہ صوبائی خودمختاری اور مقامی لوگوں کے مفاد کے خلاف ہے۔وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تھر میں ترقی کو تیز کرنے کے لیے مراعات پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔ ای سی سی کی مراعات میں صفر فیصد کسٹم ڈیوٹی، خصوصی ایکسائز ڈیوٹی سے مستثنا ، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ، ورکرز ویلفیئر اور شراکت کے فنڈز ، سامان اور خدمات کی خریداری پر ود ہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکس پر 30 سال کے لیے رعایت شامل ہے۔ تھر کول فیلڈ میں ترقیاتی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ نے ای سی سی کے 30 سالہ مراعاتی پیکج کے مطابق درآمدات پر انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس (آئی ڈی سی) کو 30 سال کی مدت کے لیے چھوٹ دینے کی منظوری دے دی دیگر صوبوں کے ساتھ یکسانیت برقرار رکھنے کے لیے پیٹرولیم آئلز کی ٹرانسپورٹیشن یا آئل ٹینکرز کے ذریعے لے جانے پر خدمات پر سندھ سیلز ٹیکس کو 13 سے 15 فیصد تک کردیا ہے۔ اس سے صارفین پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا اور نہ ہی پیٹرولیم قیمتوں پر کوئی اثر پڑے گا۔ کابینہ نے ’’آئی بی اے سکھر یونیورسٹی سکھر (ترمیمی) ایکٹ 2020ء‘‘ کے مسودے کے بل کی منظوری دی۔ کابینہ نے عبد الرؤف چانڈیو کی بطور سندھ مضاربہ مینجمنٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی 3 سال کی مدت کے لیے تقرری کی منظوری دی جسے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پہلی ترجیحی امیدوار کے تجویز کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے