English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نیب ملک میں سیاست کو ناکام اور بدنام کرنے کا طریقہ ہے، شاہد خاقان عباسی

القمر

 اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب ملک میں سیاست کو ناکام اور بدنام کرنے کا طریقہ ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج نہ انصاف ہورہا ہے اور نا ہی انصاف ہوتا نظر آرہا ہے،آج ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی ہے، سی پیک پر کام عملی طور پر رک چکا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، احتساب کے نام پر انتقام کا سلسلہ جاری ہے، جو سوالات ہم سے کیے جاتے ہیں وہ باقیوں سے کیوں نہیں ہوتے؟ کیا حکومت کا حساب لینے والا کوئی نہیں؟ آج پورے احتساب کے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ عدالتوں میں کیمرے لگائیں اور دیکھیں کس نے کرپشن کی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدالتیں ایک ویزے پر لوگوں کو نااہل قرار دیتی ہیں لیکن وہ آج خاموش کیوں ہیں، وہ کون تھا جو براڈ شیٹ کے مالک کاوے موسوی سے ملا، احتساب کا ادارہ سمجھا جانے والا آج خود قابل احتساب ہے، آج نیب سے کوئی پوچھنے والا نہیں، نیب ملک میں سیاست کو ناکام اور بدنام کرنے کا طریقہ ہے، براڈ شیٹ معاملے میں سابق صدر پرویز مشرف کا نام بھی آتاہے، ان کا بھی ریمانڈ لیا جائے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نیب 20 سال سے براڈ شیٹ کا معاملہ چلا رہی ہے،براڈشیٹ تو صرف ایک کیس ہے، ایسے کئی کیس نیب کی ناانصافیوں کی داستان ہیں۔ براڈ شیٹ دستاویزات کا بہت چھوٹا حصہ عوام کے سامنے آیا، ہمت ہے تو تفصیلات لائیں، بڑے بڑے نام منظرعام پر آئیں گے ۔ سیاستدانوں سے جس معیار کے سوال کئے جاتے ہیں اسی طرح کے سوال کئے جائیں تو نیب کے 3 چیئرمین جیل میں ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے