کراچی: شہر قائد میں سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں، اتوار کو معمول سے تیز ہوائیں چلیں اور زیادہ سے زیادہ رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، شہر کے مجموعی درجہ حرارت میں 2 ڈگری اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر میں دن بھر سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں بحال رہیں جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، سمندری ہواؤں کے سبب بلوچستان کی جنوب مغربی ہواوں کا اثر کم رہا۔
اتوار کو شہر کے مجموعی درجہ حرارت میں 2 ڈگری اضافہ ریکارڈ ہوا، کم سے کم پارہ 11.5 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 28.2 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت نمی کا تناسب 89 جبکہ شام کو 61 فیصد رہا،صبح کے وقت دھند کے سبب حدنگاہ متاثر ہوکر ڈھائی کلومیٹررہ گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز تک شہر پر مغربی سلسلے کے اثرات برقرار رہ سکتے ہیں جس کے نتیجے میں خصوصاً صبح و رات کے وقت ہلکی سردی محسوس کی جاسکتی ہے، پیر کو شہر کا کم سے کم پارہ 10 سے12 اور زیادہ سے زیادہ 27 سے 29 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے اور صبح شہر کی فضاؤں پر دھند بھی چھاسکتی ہے۔
