کراچی: نیب نے سندھ پولیس کے 150 ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو خط لکھا ہے جس میں سندھ پولیس کے 150 افسران کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں جن میں ایس ایچ اوز اور دیگر افسران شامل ہیں۔
نیب حکام کے مطابق تمام بینکوں میں مذکورہ افسران کے شناختی کارڈ نمبر بھیجے جائیں گے، شناختی کارڈ کے ذریعے تمام بینکوں سے ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، اکاؤنٹ کب سے چلایا جارہا ہے؟ لاکر اور ڈپازٹ کی تفصیلات اور ضمن میں 1985ء سے لے کر موجودہ تاریخ تک کا ریکارڈ فراہم کیا جائے گا۔
نیب نے خط میں لکھا ہے کہ بینک کے ذریعے ایکس چینج کمپنیوں سے غیرملکی کرنسی کی خرید و فروخت کی تفصیلات دی جائیں، تمام تر تفصیلات باقاعدہ طریقہ کار کے تحت فراہم کی جائیں، اگر کسی تیسرے شخص کے ذریعے بھی اکاؤنٹ کھولا گیا ہو تو تفصیلات فراہم کی جائیں۔
