English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ڈی ایم جب فیصلہ کرے گی پارلیمان سے مستعفی ہوجائیں گے، پیپلز پارٹی

القمر

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ چئیرمین سینیٹ کے انتخاب میں دھاندلی پر منگل یا بدھ کو ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے، گیلانی کامیاب ہوئے لیکن ان کی جیت پر ڈاکا ڈالا گیا، پریزائیڈنگ آفیسر نے بددیانتی کا مظاہرہ کیا پی ڈی ایم جب فیصلہ کرے گی ہم استعفی دینے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بات پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی اور سینیٹر پلوشہ خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔  فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کرائے کے حکومتی ترجمانوں کو پی ڈی ایم کی بڑی فکر ہو رہی ہے، یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے پر پی ڈی ایم کے مشکور ہیں، حقیقت یہ ہے کہ گیلانی کامیاب ہوگئے، ان کی جیت پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالا گیا، پریزائیڈنگ آفیسر مظفر شاہ نے بددیانتی کا مظاہرہ کیا ہے، چیئرمین سینیٹ الیکشن کی رات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں کیا کر رہے تھے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ڈی ایم باہمی مشاورت کے بعد پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لائے گی، حکومت کچھ بھی کہے لانگ مارچ آنے والا ہے، ملک میں سب سے زیادہ کورونا کیسز پنجاب سے سامنے آ رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے امیدوار کو کم ووٹ ملنے کے معاملے کی تحقیقات کی جائے گی، پی ڈی ایم کے اجلاس میں اس پر کمیٹی بنائی جائے گی، پیپلز پارٹی نے چئیرمین سینیٹ کے معاملے پر لیگل کمیٹی بنائی ہے، پیپلزپارٹی استعفی دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے پی ڈی ایم جب فیصلہ کرے گی ہم استعفی دے دیں گے، ہم استعفوں کو ایٹم بم کہتے ہیں، پی ڈی ایم کے فیصلوں پر مکمل عمل کریں گے۔

سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ تمام معاونین وقت ضائع کرتے ہیں اور شام کو چئیرمین پیپلز پارٹی سے واٹس ایپ پر رابطے کرتے ہیں، وقت آنے پر رابطوں کو سامنے لے آئیں گے، حکومت کی کشتی میں سوراخ ہوچکے ہیں، چئیرمین کی کرسی پر کسی کو بٹھانے سے مہنگائی ختم نہیں ہو جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے