اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کے سربراہ اور پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کی بہتر بحالی کے لیے درکار مالی معاونت کی فراہمی کے عمل کو متحرک کرے۔ انہوں نے گزشتہ روز پائیدار ترقی پر لاطینی امریکا اور کیریبیئن ممالک کے فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا کے تمام ممالک کورونا وائرس کے باعث درپیش دہائی کے بدترین صحت، اقتصادی اور انسانی بحران سے بحالی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں‘ اس تناظر میں انہوں نے ہر امیر اور غریب ملک اور دنیا کے ہر فرد کو مساوی بنیادوں پر کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین کی جلد تقسیم اور رسائی کو ممکن بنانے کا مطالبہ کیااور خبردار کیا کہ اگر ویکسین کی مساوی بنیاد پر جلد فراہمی کو یقینی نہ بنایا گیا تو کورونا وائرس پھر سے سر اٹھانے لگے گا ۔
