English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جیل جانے کا حوصلہ نہیں تو سیاست میں کیوں آئے‘ فضل الرحمن

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)پی ڈی ایم اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے انتباہ کیا ہے کہ طاقتور قوتیں ملک کی محافظ بنیں ناجائز حکومت کی نہیں، سیاست بزدلی کا نام نہیں ہے، جیل جانے کا حوصلہ نہیں تو سیاست میں آئے کیوں،ایک آدھ جماعت کے چلنے جانے سے جدوجہد پر فرق نہیں پڑے گا، اقتدار نہیں نظام کی تبدیلی کی تحریک جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد کے نواحی علاقے میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ اختلافات ہرجگہ ہوتے ہیں ہمیں اس سے آگے بڑھ کر سوچنا ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہاکہ ملک پر ناجائز حکومت مسلط ہے اور ڈھائی سالوں میں اس حکومت نے نہ صرف اپنی نااہلی اور نالائقی کو ثابت کیا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی تباہ کردیا ہے۔ پی ڈی ایم کی بڑی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ جیل نہ جائیں۔ سیاست اقتدارکیلیے نہیں ہوتی جیلیں بھی کاٹنی ہوتی ہیں اقتدار اور جیلیں ساتھ ساتھ چلتی ہیں۔ اصل مقصد یہ ہے کہ منزل کی طرف پیشرفت کی جائے۔ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ صرف اقتدار نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی ہمارے مدنظرہے۔ تبدیلی کا حشر توسب نے دیکھ لیا ہے کیا کوئی سوچ رہا ہے کہ وہ بھی اس طرح کی کوئی تبدیلی لانا چاہتا ہے۔علاوہ ازیں قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنمائوں نے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور پی ڈی ایم اتحاد کے لائحہ عمل پر مشاورت کی ۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے گفتگو میں کہا کہ پیپلزپارٹی کے جواب کا انتظار ہے۔ دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ پیپلزپارٹی کے جواب کے بعد پی ڈی ایم اجلاس بلا یا جائے گا اور پیپلزپارٹی آتی ہے تو ٹھیک ورنہ 9 جماعتیں لائحہ عمل دیں گی۔دوران گفتگو لانگ مارچ اوراستعفوں سے متعلق لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی اور جیل بھرو تحریک سے متعلق بھی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔دریں اثناء جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صوبائی عہدیداروں کو لانگ مارچ کی تیاریاں جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر جے یو آئی کے صوبائی عہدیداران کے نام خط لکھا گیا جس میں کہا گیا تمام صوبائی جماعتیں لانگ مارچ کی تیاریاں جاری رکھیں، لانگ مارچ کی تیاریوں میں کسی قسم کی سستی کا مظاہرہ نہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے