اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے نیب قوانین میں ترمیم پر کام شروع کردیاوزیراعظم نے 10رکنی سیاسی کمیٹی قائم کردی ہے ،کمیٹی میں پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، شیخ رشید کے علاوہ شفقت محمود، عامر کیانی سیف اللہ نیازی شبلی فراز بھی شامل ہیں ۔ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم سے ملاقات کرے گی۔انتخابی اصلاحات، نیب قوانین میں ترامیم پر اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔ اپوزیشن سے مذاکرات کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کے سپرد کردیا گیا ہے ۔سیاسی کمیٹی معیشت، روزگار، ریلیف پیکجز اور سبسڈیز سے متعلق بھی تجاویز پیش کرے گی۔حکومت احساس پروگرام کے ذریعے غریب طبقے کو مختلف شعبوں میں براہ راست سبسڈی دینے پر غوربھی کررہی ہے۔ کمیٹی ارکان کی پارلیمنٹ میں سینیٹ، قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے موقع پر اپوزیشن رہنمائوں سے ملاقات کا امکان ہے۔ بالواسطہ رابطوں کے ذریعے اپوزیشن کو پیغام بھی بجھوا دیا گیا۔ اپوزیشن کی مذاکرات پر آمادگی کے نتیجے میں حکومت اور اپوزیشن کی ٹیموں کے درمیان باقاعدہ بات چیت کا آغاز ہو جائے گا۔
