English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سین ہوزے کیلیفورنیا میں فائرنگ، آٹھ افراد ہلاک، متعدد زخمی

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے علاقے سین ہوزے میں قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز ریل کی دیکھ بھال کرنے والی ایک تنصیب میں فائرنگ سے آٹھ افراد ہلاک اور کئی دوسرے زخمی ہوگئے۔

سینٹا کلارا کے شیرف آفس کے ترجمان رسل ڈیوس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سین ہوزے میں واقع ویلی ٹرانسپوٹیشن اتھارٹی کے قریب ریل گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے ایک مرکز میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب فائرنگ کی اطلاع ملی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کی۔

ترجمان نے بتایا کہ کئی تفتیش کاروں نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ فائرنگ کے مقام سے خود کو دور رکھیں۔

ترجمان ڈیوس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور بھی شامل ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کس طرح ہلاک ہوا اور نہ ہی اس بارے میں کوئی تفصیل بتائی گئی ہے کہ مرنے اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد اور شناخت کیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق،دو پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کی شناخت سام کیسیڈی کے نام سے کی ہے، جو اسی ریل یارڈ میں ملازم تھا۔ پولیس اہلکاروں کے مطابق،ممکنہ طور پر واقعہ ایک میٹنگ کے دوران پیش آیا، مگر فائرنگ کی وجہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

حکام کا کہنا ہے زخمی افراد میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

فائرنگ کے مقام پر ایمبولنسز موجود ہیں۔ 26 مئی 2021

فائرنگ کے مقام پر ایمبولنسز موجود ہیں۔ 26 مئی 2021

چیئرمین وی ٹی اے بورڈ گلین ہینڈرکس نے ایک نیوزکانفرنس میں اسے ایک ہولناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدریاں اور دعائیں وی ٹی اے کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

سین ہوزے کے میئر سیم لکارڈو نے اس واقعہ کو ایک تاریک لمحے کا نام دیا۔

وائٹ ہاؤس کی ایک نیوز بریفنگ میں ڈپٹی پریس سیکرٹری کیرین جین پیری نے کہا کہ وائٹ ہاؤس صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر ممکن مدد کی پیشکش کر رہا ہے۔

واشنگٹن میں صدر بائیڈن نے کانگریس پر زور دیا ہے کہ گن وائلنس کے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون سازی پر کام تیز کیا جائے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ "گولی سے جانے والی ہر جان ہماری قوم کی روح میں چھید کر دیتی ہے۔ ہمیں مزید کام کرنا ہوگا اور ہم ایسا کر سکتے ہیں”

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس اور امریکی روزنامے یو ایس اے ٹوڈے نے نارتھ ایسٹرن یونیوسٹی کے تعاون سے پچھلے پندرہ سال کے دوران امریکہ میں پیش آنے والی ماس شوٹنگز کے واقعات کے اعدادو شمار جمع کئے ہیں، اور ان سے پتہ چلتا ہے کہ سین ہوزے میں پیش آنے والا واقعہ 2021 کے دوران امریکہ میں ماس شوٹنگ کا 15واں واقعہ ہے۔

2021کے دوران فائرنگ کے ایسے واقعات میں 86 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 2020 کے دوران یہ تعداد 106 تھی۔

ریاست کیلی فورنیا کا شہر سین ہوزے تقریباً دس لاکھ آبادی پر مشتمل ہے، جو سان فرانسسکو کے ساحلی علاقے میں واقع ہے۔ اسے ٹیکنالوجی کی ایجادات و اختراعات اور بڑی کمپنیوں کے عالمی مرکز کا ایک اہم شہر سمجھا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے