English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یکساں نصاب تعلیم: درسی کتاب سے مسلم لیگ ن کا (2018-2013) دور حکومت ہٹا دیا گیا

حکومت پاکستان کے تیارکردہ نئے یکساں نصاب تعلیم کے تحت شائع ہونے والی پانچویں جماعت کی سوشل اسٹڈیز کی درسی کتاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 2013-2018 کے دور حکومت کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے  یعنی کتاب میں نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کی بطور وزیر اعظم دور حکومت کو شامل نہیں کیا گیا بلکہ 2013 کے بعد سیدھا 2018 کے عام انتخابات کو شامل کر لیا گیا۔

’تاریخ پاکستان‘ کے نام سے ایک باب میں ، ملک میں حکومتوں کے انتخاب کی ایک فہرست دی گئی جہاں تمام منتخب وزرائے اعظم کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ تاہم یہ فہرست پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وزیر اعظم راجہ پرویز اشراف تک کی ہے جو 2013 تک وزیر اعظم رہے جبکہ اس کے فوری بعد وزیر اعظم عمران خان کا ذکر کیا گیا جبکہ 2013 سے لے کر 2018 تک حکومت کرنے والی مسلم لیگ (ن) کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔

مذکورہ نصابی کتاب کی تصویر پرائیویٹ ٹیکسٹ بک بورڈ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عثمان نے منگل کی شب لاہور رنگ چینل پر ایک ٹاک شو کے دوران شیئر کی اور سنگل نیشنل کریکولم کے نام پر حکومتی بیانئیے کے تحت تاریخ کو مسخ کرنے کی سازش کو بے نقاب کیا۔

ماہرین تعلیم نے متنازعہ سنگل نیشنل کریکولم پر تحفظات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاشرے میں مزید تفریق پیدا کرے گا اور بچوں کو مزید الجھانے کا باعث بنے گا۔ جبکہ بچوں کو جھوٹی اور مسخ شدہ تاریخ پڑھانا ایک علمی کرپشن ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان  کے نصاب تعلیم میں تاریخی حقائق کو جان بوجھ کر مسخ کرنے کا مسئلہ پہلے رہا ہے جو اب تاریخ کو مزید توڑ مروڈ کر پیش کرنے کی طرف جائیگا ، جبکہ سنگل نیشنل کریکولم جسے ریفارمز کے نام پر متعارف کروایا گیا ماضی کے مقابلے میں بالکل بھی مختلف نہیں بلکہ زیادہ بھیانک ہے۔

نامور ماہر تعلیم پرویز ہود بھائی نے گزشتہ ہفتے نیا دور میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ یکساں نصاب تعلیم کے نام پر اس ملک کو ایسا نقصان پہنچایا جارہا ہے جیسا پہلے بھی کبھی نہیں ہوا۔ اس کے اثرات جنرل ضیاء کے انتہا پسندانہ تصورات سے کہیں گہرے ہوں گے۔

خیال رہے کہ اگست میں شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیشن میں نصاب کی یہ نئی شکل اسکولوں میں متعارف کروائی جائے گی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے