مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، عراق، مصر اور اردن کے درمیان متوقع سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئےعراق کے دورے پر ہیں۔
عراق پہنچنے پر صدر برہم صالح نےبغداد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر صدرسیسی کا خیر مقدم کیا۔
ائیر پورٹ پر مہمان صدر کے لئے استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
مذکورہ دورہ 30 سال بعد صدارتی سطح پر مصر سے عراق کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
سہ فریقی اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کے مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔
عراق کے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے اس منصوبے کو "نیا دمشق منصوبہ ” قرار دیا تھا۔
سربراہی اجلاس میں کسی قسم کی منفی صورتحال کے سدباب کے لئے کل سے داراحکومت بغداد میں سخت حفاظتی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔
دوسری طرف اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کے بھی آج بغداد پہنچنے کی توقع ہے۔ اردن کے شاہ اپنے دورے کے دوران ایک قبرستان میں بھی حاضری دیں گے لہٰذا اس قبرستان کے گرد بھی سخت سکیورٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بغداد میں متوقع مذکورہ سہ فریقی سربراہی اجلاس تیسرا سہ فریقی سربراہی اجلاس ہے اس سے قبل کے دو اجلاس بالترتیب مصر اور اردن میں منعقد ہوئے تھے۔
