English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عالمی ادارے اسلام مخالف پراپیگنڈے کے خلاف فی الفور اقدامات اٹھائیں، پاکستان

القمر

پاکستان کی اسلامی تعاون تنظیم کے دوسرے رکن ممالک  کے ہمراہ  انسداد دہشت گردی کی عالمی حکمت عملی کے تحت دین  اسلام کیخلاف منفی پروپیگنڈے کو دہشت گردی کے خطرے کے طور پر تسلیم کرانے کی کوششیں اب اپنا ثمر دینے لگی ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسداد دہشت گردی کی نظر ثانی شدہ عالمی حکمت عملی کی متفقہ منظوری دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ نفرت، نسل پرستی اور اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی بنیاد پر دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لئے مناسب اقدامات اٹھائے۔

متعلقہ عالمی حکمت عملی میں مذہبی اور نسلی امتیاز کی بلواسطہ اور بلاواسطہ اقسام کے خاتمے اور اس بنیاد پر دہشت گرد گروہوں کی نفرت اور تشدد پھیلانے کی کاروائیوں کا سد باب کرنے پر  بھی زور دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ ایسے شدت پسندوں اور اسلام مخالف سرگرم دہشتگرد گروہوں سے لاحق خطرات کے بارے میں رپورٹ جاری کریں۔

پاکستانی  دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے بارہا عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسلام کے بارے میں منفی پراپیگنڈے کے خلاف اقوام متحدہ کے ذریعے موثر اقدامات سمیت اجتماعی کاروائی کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ  پاکستان دنیا بھر میں اسلام کے خلاف بڑھتے ہوئے منفی پراپیگنڈے، غیر ملکیوں سے نفرت اور دائیں بازو کی انتہا پسندی پر بھی شدید تشویش ظاہر کرتا رہا ہے، پاکستان دائیں یا انتہائی دائیں بازوں کے حلقوں کی طرف سے لاحق دہشت گردی کے خطرات پر  تواترسے  اظہارِ تشویش  کرتا آیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے