متحدہ عرب امارات نے رواں برس تیل پیدا کرنے کا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) کی جانب سے 2022 کے اختتام تک تیل کی پیداوار کم رکھنے کے منصوبے کی مخالفت کر دی ہے۔
اوپیک ممالک نے جمعے کو رواں برس دسمبر تک تیل کی یومیہ پیداوار 20 لاکھ بیرل تک بڑھانے کی تجویز دی تھی جب کہ آئندہ برس کے اختتام تک تیل کی پیداوار کم رکھنے کا منصوبہ تھا جس کی امارات نے مخالفت کی ہے۔
اماراتی حکام کا مؤقف ہے کہ بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک میں تیل کی طلب بڑھ گئی ہے۔ لہذٰا اس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اُسے زیادہ کوٹہ درکار ہے۔
امارات کے اس اقدام کو سعودی عرب کی جانب سے آئندہ برس بھی تیل کی عالمی پیداوار کو کم رکھنے کے منصوبے کی کھل کر مخالفت قرار دیا جا رہا ہے۔
امارات اور سعودی عرب کے درمیان یہ اختلاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بہت سے ممالک کرونا وبا کی شدت کم ہونے پر معیشت کھول رہے ہیں اور تیل کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ تیل پیدا کرنے والے دنیا کے بڑے ممالک طلب، رسد اور قیمتوں میں توازن قائم رکھنے کے لیے تیل کی پیداوار میں کمی بیشی کرتے رہتے ہیں۔
