صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت، افغانستان میں ‘انتہاپسندی اور دہشت گردی میں ملوث ہے’ اور افغان سرزمین کو پاکستان میں ہائبرڈ جنگ کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان پر منعقدہ ساتویں قومی ورک شاپ کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ ‘بھارت پاکستان کے عدم استحکام کے لیے سازشیں کر رہا ہے اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے دہشت گرد تنظیموں کو فنڈز دے رہا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج سیکیورٹی خدشات اور خاص کر ففتھ جنریشن وار پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
بلوچستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت صوبے میں معاشی اور سماجی ترقی کے لیے سنجیدگی سے توجہ دے رہی ہے اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی مدد سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بلوچستان پر نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا:
بھارت پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ میں ملوث ہے۔
بھارت افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔
وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ pic.twitter.com/4L3M1jrQfP
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) July 7, 2021
