وزیراعظم عمران خان نے ڈومیسٹک اور اسکول کرکٹ فریم ورک کی منظوری دیدی۔
وزیراعظم عمران خان کو سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبداللہ خان سنبل نے ڈومیسٹک کرکٹ پر بریفنگ دی، اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سی ای او پی سی بی وسیم خان سمیت سی ای او سی پی سی اے خرم نیازی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کواس دوران اسکول کرکٹ سے متعلق اقدامات سے آگاہی فراہم کی گئی، جس پر عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت کام کرنے والی تنظیم سی پی سی اے کے تیار کردہ ماڈل کی تعریف کی اور ڈومیسٹک اور اسکول کرکٹ فریم ورک کی منظوری دی۔
وزیراعظم نے 15 ستمبر سے وسطی پنجاب میں شروع ہونے والی اسکول کرکٹ چیمپئن شپ میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اسکول کرکٹ میں حقیقی کرکٹ کےباصلاحیت کھلاڑیوں کا تعین کرتے ہوئے انہیں مزید آگے لے جایا جا سکتا ہے۔
