نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان بھی منسوخ ہوگیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے سیکیورٹی وجوہات کو جواز بناکر اچانک دورہ پاکستان ختم کردیا گیا تھا اور اب آئندہ ماہ انگلینڈ کی میزبانی کی امیدوں پر بھی پانی پھر گیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورہ منسوخ کئے جانے کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیم بھجوانے سے انکار کردیا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مینز اور ویمنز ٹیموں کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان ای سی بی نے کہا کہ فیصلہ کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کے پیش نظر کیا جارہا ہے، خطے کی موجودہ صورتحال میں سفرکرواکر ان کو کسی دباﺅ کا شکار نہیں کرنا چاہتے، پی سی بی کے ساتھ ٹور ممکن بنانے کیلیے مثبت پیش رفت کی تھی، اندازہ ہے کہ فیصلہ مایوسی کا باعث بنے گا، اس کے بعد کرکٹ پر اثرات کے حوالے سے افسردہ ہیں۔
Disappointed with England, pulling out of their commitment failing a member of their Cricket fraternity when it needed it most. Survive we will inshallah. A wake up call for Pak team to become the best team in the world for teams to line up to play them without making excuses.
— Ramiz Raja (@iramizraja) September 20, 2021
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے انگلش کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی، انگلینڈ بورڈ نے اس وقت دھوکا دیا جب پاکستان کو کرکٹ کی ضرورت تھی تاہم ہم اس مشکل صورتحال سے جلد نکل جائیں گے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی ٹیم کو جگانے کے لیے ایک اشارہ ہے کہ وہ دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیم بن کر دکھائے تاکہ دنیا کے تمام ممالک بغیر کوئی بہانہ بنائے خود پاکستان سے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔
