وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے خبردار کیا ہے کہ 30 ستمبر کے بعد تمام غیر ویکسینیٹڈ مقامی اور بین الاقوامی مسافروں کو پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غلام سرور خان نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام میں خبردار کیا کہ 30 ستمبر کے بعد ویکسین نہ لگوانے والوں کو مختلف خدمات تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ویکسین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
وزیر ہوابازی کا کہنا تھا کہ ‘وہ افراد جو کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی خوراک لگوا چکے ہیں انہیں محکمہ صحت سے پیغام وصول ہونے کا انتظار کیے بغیر دوسری خوراک لگوا لینی چاہیے’۔
غلام سرور حسین خان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان نے کورونا بچاؤ کے لیے بہترین حکمت عملی اختیار کی ہے۔
قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اعلان کیا تھا کہ ہوائی سفر کے ذریعے اندرون و بیرونِ ملک جانے والے تمام مسافروں کو 30 ستمبر تک کورونا وائرس کی مکمل ویکسین لگوانے کی ضرورت ہوگی۔
ویکسین کی فراہمی ہر جگہ آسانی سے دستیاب ہے۔ جن افراد نے ویکسین کی پہلی ڈوز لگوا لی ہے وہ کسی میسج کا انتظار کیے بغیر دوسری ڈوز لگوا لیں۔ 30 ستمبر سے ویکسینیشن نہ کروانے والے افراد کو سفری سہولیات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ pic.twitter.com/2fTFy5CP20
— Ghulam Sarwar Khan(Official) (@GhulamS91655886) September 23, 2021
