
جدہ(ساوتھ ایشین وائر)اسلامی ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) نے بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
او ای آئی سی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر گزشتہ ماہ بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے ضلع درنگ میں سینکڑوں مسلم خاندانوں کو سرکاری زمین سے بے دخل کرنے کی پولیس کی کارروائی کو”منظم تشدد ” قرار دیا۔ اس کارروائی کے دوران دو مقامی مسلمان شہری ہلاک ہوئے۔
اس واقعے کے بعد ، آسام حکومت نے اس معاملے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا اور کہا کہ تحقیقات کی سربراہی گوہاٹی ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کریں گے۔
جمعرات کی شام ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں او آئی سی نے معاملے کی میڈیا کوریج کو شرمناک قرار دیا اور حکومت ہند سے ذمہ داری کی اپیل کی۔
اسلامی ممالک کی تنظیم نے اپنے بیان میں بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلم اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرے اور ان کے تمام مذہبی اور سماجی بنیادی حقوق کا احترام کرے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قومی خودمختاری کے اندر کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کا بہترین طریقہ باہمی بات چیت ہے۔
