اسپین کے جزیرہ لاپالما میں کُمبرے وئیخا آتش فشاں کے دہانے سے نکلتی راکھ کی وجہ سے جزیرے کے ائیر پورٹ کو دوبارہ سے پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق ملک کے جنوب مغربی جزیرے لاپالما میں کئی روز سے لاوا اگلتے آتش فشاں کُمبرے وئیخا کی وجہ سے جزیرے کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔
ہسپانوی ائیر پورٹ آپریٹر AENA کے جاری کردہ بیان کے مطابق "آتش فشاں سے نکلتی راکھ کی وجہ سے آپریشنل کاروائیاں رُک گئی ہیں۔ راکھ جمع ہونے کی وجہ سے لا پالما ائیر پورٹ بند ہے اور طے شدہ پروٹوکول پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ہماری اوّلین ترجیح سلامتی ہے”۔
AENA کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس وقت ائیر پورٹ کے رن ویز کی صفائی کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ 19 ستمبر سے جاری آتش فشانی دھماکوں کے بعد سے لا پالما ائیر پورٹ کو دوسری دفعہ بند کیا جا چکا ہے۔ ائیر پورٹ کو پہلی دفعہ 25 ستمبر کو بند کیا گیا تھا۔
آتش فشانی لاوے نے جزیرے میں ایک ہزار سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ لاوے کی زد میں آنے والی عمارتوں میں سے 880 مکمل طور پر مسمار ہو گئی ہیں۔ دھماکوں کی وجہ سے 6 ہزار سے زائد افراد اپنے گھروں کو ترک کر چکے ہیں۔
