وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیز قیمتی اثاثہ ہیں،ان کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے،یہ وقت ڈیجیٹل ڈپلومیسی کا ہے،قونصلر سروسز کو بہتر کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں،پورٹل کا مقصد عوام کیلئے آسانی پیدا کرنا ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں ایف ایم پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
قبل ازیں وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے VISION FO کے تحت ایف ایم پورٹل کا افتتاح کیا۔ ایف ایم پورٹل کا آغاز 187 ممالک میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے آسانی اور سہولت پیدا کرنے کے لئے کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے مسائل کے فوری حل، تاثرات، شکایات اور تجاویز کیلئے اس پورٹل کو بروئے کار لا سکیں۔
یہ پورٹل وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور وزیر خارجہ کے ڈیجیٹل ڈپلومیسی ایجنڈے اور پبلک ڈپلومیسی انیشی ایٹو کے مطابق شروع کیا گیا ہے۔اس ایپ کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے پرائم منسٹرز پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی مدد سے تیار کیا ہے۔
ایف ایم پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سروسز کی فراہمی میں بہتری لانے کے لئے دفتر خارجہ میں کئے گئے اصلاحاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جن میں دستاویزات کی تصدیق کیلئے معیاری طریقہ کار کا آغاز ،جعلسازی کے امکانات کو کم کرنے کے لیے کیو آر کوڈ، ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز ،پاکستان کے اندر کورئیر سروسز کے ذریعے دستاویزات کی تصدیق، مشنز کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کی آن لائن تصدیق، اوورسیز پاکستانیوں کو جانشینی کے سرٹیفکیٹ اور انتظامی خطوط کے اجراء کے لئے بیرون ملک 16 مشنز میں نادرا کاؤنٹرز کے قیام کا منصوبہ ،جیسے اقدامات شامل ہیں۔
