اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گانٹز کے گھریلو ملازم کو ایرانی ایجنٹ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسرائیل ذرائع ابلاغ نے وزارت دفاع کی فراہم کردہ معلومات کے حوالے سے کہا ہے کہ گانٹز کے گھر میں ملازم 37 سالہ عمری گورین گوروچووسکی نے اسرائیل پر سائبر حملوں کے ذمہ دار بلیک شیڈو نامی ہیکر گروپ کو تعاون کی تجویز پیش کی ہے۔
دعوے کے مطابق گوروچووسکی نے ہیکر گروپ سے کہا ہے کہ وہ وزیر دفاع کے گھر کے بارے میں معلومات فراہم کر سکتا ہے اور اس کے کمپیوٹر میں مضر ہارڈ وئیر نصب کر سکتا ہے۔
گوروچووسکی نے "ٹیلی گرام” کے ذریعے ہیکر گروپ کے ساتھ رابطہ کیا اور گانٹز کے گھر کے کمپیوٹر، ٹیلی فون، ٹیبلٹ اور دیگر اشیاء کی تصاویر گروپ کو فراہم کی ہیں۔
ایران کے لئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کئے جانے والا مذکورہ شخص مختلف جرائم کی وجہ سے چار دفعہ جیل کاٹ چُکا ہے۔
اسرائیل کی داخلہ خبر رساں ایجنی شِن بیٹ کے مطابق گوروچووسکی سکیورٹی پروٹوکول کی وجہ سے نہ تو کسی خفیہ معلومات تک رسائی حاصل کر سکا ہے اور نہ ہی کوئی سنجیدہ چیز ہیکر گروپ کو فراہم کر سکا ہے