لیبیا کے سابق آمر معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کو الیکشن کمیشن نے آئندہ صدارتی انتخابات کے لیے نااہل قرار دیتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق لیبیا کی ہائی نیشنل الیکشنز کمیٹی کی جانب سے جن امیدواروں پر پابندی لگائی گئی ہے ان کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے اور ان میں سیف الاسلام کا نام بھی شامل ہے۔
کمیٹی نے اس سزا کی وجہ سابق آمر کے بیٹے کے خلاف عدالتی سزا کو قرار دیا البتہ انہیں یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل کر سکتے ہیں۔
2015 میں تریپولی کی عدالت نے سیف الاسلام قذافی کو سزائے موت سنائی تھی جہاں ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ان کے والد کی معزولی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین پر تشدد کے لیے طاقت کا استعمال کیا تھا تاہم مذکورہ عدالتی فیصلے پر سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔

