اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ امریکا طاقت کے زور پر افغانستان میں اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکا، ہتھیاروں کے ذریعے جنگ جیتنے کے بجائے بیانیہ حاوی ہو گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم جنگ کے بعد عالمی قانون بنا، دنیا کی اخلاقیات تبدیل ہو گئی، اب دنیا کو ایک مستحکم معاشرہ اور مستحکم نظام تشکیل دینا ہوگا،دنیا کی بڑی لڑائیاں اب بیانیہ سے لڑی جاتی ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں بھی اسی طرح ہوا، برطانیہ کی ایسٹ انڈیا کمپنی نے آ کر ہندوستان پر قبضہ کرلیا، پھر اس کمپنی کو واپس لوٹنا پڑا، امریکا نے افغانستان پر حملہ کر کے چند گھنٹوں کے اندر وہاں حکومت ختم کر دی تھی۔
انہوں نے مزید کہاکہ افغانستان کا پورا کنٹرول امریکا کے ہاتھوں میں چلا گیا لیکن وہ طاقت کے زور پر اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکا کیونکہ دنیا میں غلبہ حاصل کرنے کی تعریف بدل گئی تھی،ہتھیاروں کے ذریعے جنگ جیتنے کے بجائے بیانیہ حاوی ہو گیا اور بیانیہ کی جنگ میں امریکہ کو شکست ہوئی اور بالآخر امریکہ کو افغانستان سے نکلنا پڑا،اب دنیا کو ایک مستحکم معاشرہ اور مستحکم نظام تشکیل دینا ہوگا۔

