English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مفتی منیب ، تقی عثمانی و دیگر علما کی واقعے کی مذمت

القمر

 

لاہور،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)مفتی منیب الرحمان،مفتی تقی عثمانی و دیگر علماء کی سیالکوٹ واقعے کی مذمت۔تفصیلات کے مطابق شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے کہ توہین رسالت انتہائی سنگین جرم ہے لیکن ملزم سے اس کے ارتکاب کے ثبوت بھی اتنے ہی مضبوط ہونے ضروری ہیں،کسی پر یہ سنگین الزام لگا کر خود ہی اسے وحشیانہ اور حرام طریقے سے سزا دینے
کاکوئی جواز نہیں۔سیالکوٹ واقعہ پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ اس واقعہ نے مسلمانوں کی بھونڈی تصویر دکھاکر ملک وملت کو بدنام کیا ہے ،ملک میں بے امنی کی فضا بہت تشویشناک ہے ،حکومت طاقت کے استعمال کے بجائے تدبر سے کام لیتے ہوے معاملہ پارلیمنٹ میں پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے تشدد اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے کے بجائے پرامن راستے اختیار کریں،فریقین پر لازم ہے کہ گستاخوں کے بجائے اپنا گھر تباہ کرنے سے پرہیزکریں۔علاوہ ازیں معروف عالم دین مفتی منیب الرحمان نے سیالکوٹ واقعہ کو انتہائی ناخوشگوار قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں ایک آئینی وقانونی نظام موجودہے، اگرچہ اس کی شفافیت اور غیر جانبداری پر سوالات اٹھتے رہتے ہیں، لیکن اسکے ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لینے کا کوئی جواز نہیں، کیونکہ اس سے معاشرے میں انارکی اور لاقانونیت پھیلتی ہے جو ملکی مفاد میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ ملک وملت کے مفادمیں نہیں اور اس سے عالمی سطح پرپاکستان کاتاثرمنفی گیا جبکہ پاکستان پر پہلے ہی ایف اے ٹی ایف کی تلوار لٹک رہی ہے۔مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس سانحے کے حقائق اور واقعات کا علم نہیں ہے، تاہم سانحہ سیالکوٹ پر تاسف کا اظہار اور شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر بھی ذمہ داری ہے تحقیقی کے بغیر کسی گروہ یا فرد کو ذمہ دار قرار نہ دیں۔دریں اثناء معروف عالمِ دین مولانا طارق جمیل نے سیالکوٹ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناموسِ رسالت کی آڑ میں غیر ملکی کو زندہ جلادینے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ مولانا طارق جمیل نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا کہ محض الزام کی بنیاد پر قانون ہاتھ میں لینا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام انتہا پسندی کو روکنے میں مثبت کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے