English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حیدرآباد،بلدیہ ملازمین کی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری

القمر

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ کے ملازمین کی جانب سے مطالبات کی حمایت میں جاری ہڑتال کے ساتویں روز بھی شہر سے کچرا نہیں اٹھایا جاسکا ،جس کے باعث جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں جن سے اٹھنے والے تعفن سے شہریوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ حیدرآباد ، لطیف آباد ،قاسم آباد ، ٹنڈوجام سمیت دیگر علاقوں میں مسلسل ہڑتال کی وجہ سے شاہراہوں ، گلی، محلوں میں جمع ہونے والے کچرے سے پورا شہر کوڑا دان بنا ہوا ہے ۔ اسٹیشن روڈ، رسالہ روڈ ، فقیر کا پڑ، مارکیٹ ٹاور، نیوکلاتھ مارکیٹ، گڈس ناکہ، پنجرہ پول، نیاپل، حالی روڈ، ملت آباد، گجراتی پاڑہ، لیاقت کالونی، پھلیلی، پریٹ آباد،فردوس کالونی، گئوشالہ، پٹھان کالونی سمیت لطیف آباد کے مختلف یونٹوں اور قاسم آباد کے بیشتر علاقوں میں کچرے اور سڑکوں پر جمع ہونے والے گندے پانی کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ اُدھر بلدیہ کے مین عمارت سمیت دیگر دفاتر میں روزمرہ کے کام نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ چھوٹے چھوٹے کاموں کے لیے شہری دھکے کھانے پر مجبور ہیں لیکن کام نہیں ہو پا رہے ہیں۔بلدیہ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کا سلسلہ بند کیا جائے اور تنخواہیں خزانہ آفس سے جاری کی جائیں۔ ادھر شہریوں کہنا ہے کہ انہیں اس مسئلے سے فوری طورپر نجات دلائی جائے ، حکومت اور بلدیہ ملازمین کے تنازعے میں عام شہری کو گندگی اور پریشانی کا سامنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے