English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سعودی عرب میں جسٹن بیبر کا کانسرٹ: ‘دس برس سے اس لمحے کا انتظار تھا’

سعودی عرب کے شہر جدہ میں کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کے کانسرٹ نے پاپ موسیقی کے مداحوں کے دل موہ لیے۔ سوشل میڈیا پر جسٹن کے چاہنے والوں نے اس دن کو ایک خاص دن قرار دیا۔

جدہ میں اتوار کو فارمولا ون ریسنگ ایونٹ ‘سعودی عرب گران پری’ کے اختتام کے بعد کانسرٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں پاپ گلوکار جسٹن بیبر نے پرفارم کیا۔

کانسرٹ میں شہری جسٹن کے مشہورِ زمانہ گانوں پر جھوم اٹھے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں اور کارکنان نے کانسرٹ سے قبل جسٹن بیبر سے شو کو منسوخ کرنے کی اپیل کی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ وہ سعودی عرب میں گرفتاریوں اور ناقدین کے کریک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کے طور پر جدہ میں پرفارم نہ کریں۔

تاہم گلوکار نے ان اپیلوں کے باجود اتوار کی شب سعودی عرب میں پرفارم کیا۔

گلوکار کے کانسرٹ سے قبل انسانی حقوق کی تنظیموں اور کارکنان کی جانب سے شو کو منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔

گلوکار کے کانسرٹ سے قبل انسانی حقوق کی تنظیموں اور کارکنان کی جانب سے شو کو منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔

چند برس قبل تک سعودی عرب میں یہ ناقابلِ تصور تھا کہ ملک میں اس قسم کے کانسرٹ کا انعقاد کیا جائے۔ کیوں کہ ملک میں کانسرٹس پر پابندی اور نامحرم مرد و خواتین کو عوامی مقامات پر اکھٹا ہونے کی اجازت نہیں تھی۔

سعودی عرب میں حالیہ تبدیلیاں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت سامنے آ رہی ہے جس میں معاشرے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اور نوجوانوں کو ملازمتوں کی جانب راغب کرنا شامل ہے۔

سعودی عرب میں جسٹن بیبر کے کانسرٹ کا سوشل میڈیا پر بھی خوب تذکرہ ہوا جہاں صارفین کی جانب سے کہا گیا کہ انہیں اس دن کا انتظار تھا۔

ایک صارف نے کہا کہ انہیں دس برس سے اس لمحے کا انتظار تھا۔

ایک صارف نے اسے بہترین دن قرار دیا۔

سعودی عرب میں جسٹن بیبر کے کانسرٹ کو ایک صارف نے ناقابلِ فراموش اور اہم دن کہا۔

ہیومن رائٹس واچ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے سعودی عرب میں معروف شخصیات سے اس طرح کے ایونٹس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ایونٹس سعودی عرب میں انسانی حقوق کے معاملے سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہیں۔

جسٹن بیبر کے کانسرٹ سے چند ہفتے قبل مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجے چنگیز بھی ان افراد میں شامل تھیں جنہوں نے گلوکار سے فارمولا ون ریس کے بعد پرفارم نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔


نیو کیسل یونائٹیڈ کے شائقین پریمئر لیگ کے خلاف بینر اٹھائے ہوئے۔ 23 اکتوبر 2021ء

نیو کیسل یونائٹیڈ کے شائقین پریمئر لیگ کے خلاف بینر اٹھائے ہوئے۔ 23 اکتوبر 2021ء

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع کردہ ایک کھلے خط میں خدیجے چنگیز نے پاپ گلوکار پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی پرفارمنس منسوخ کر کے دنیا کو ایک طاقتور پیغام دیں کہ ان کا نام اور ٹیلنٹ ایک ایسی حکومت کی ساکھ کو بحال کرنے میں استعمال نہ کیا جائے جو اپنے ملک کے ناقدین کو قتل کر دیتی ہے۔

واضح رہے کہ جمال خاشقجی 2018 میں استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیے گئے تھے۔ وہ سعودی حکومت خصوصاً ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کڑے ناقد تھے اور امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ میں ہفتہ وار کالم بھی لکھا کرتے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے