ڈھاکا: پاکستان نے بارش سے متاثرہ دوسرے ٹیسٹ کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے اپنی پہلی اننگز 300 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی، جس کے جواب میں میزبان بنگلہ دیش مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ کھیل کے چوتھے روز کا آغاز بھی تاخیر سے ہوا اور پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، اظہر علی 56 رنز اور کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ فواد عالم 50 رنز بناکر اور محمد رضوان 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز 300 رنز پر ڈیکلیئر کردی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تیج السلام اور شہادت حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلادیش کی بیٹنگ اننگ آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی اور صرف 76 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ جس کے بعد خراب روشنی کے باعث چوتھے دن کا کھیل ختم کردیا گیا، پاکستان کو پہلی اننگز میں 224 رنز کی برتری حاصل ہے۔ آف اسپنر ساجد خان کی تباہ کن بولنگ نے بنگلادیش کی کمر توڑ دی اور 6 کھلاڑی آؤٹ کیے، جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا ہے۔
شادمان اسلام نے 3 رنز، محمود الحسن (0)، نجم الحسن 30 ، مومن الحق (1)، مشفیق الرحیم (5)، مہدی حسن (0) اور لٹن داس نے صرف 6 رنز بنائے۔
اس سے قبل تیسرے روز مسلسل بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہیں پھینکی جا سکی تھی جبکہ پہلے دو روز میں صرف 63.2 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔
دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

