English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سانحہ اے پی ایس ۔وزیر اعظم کے تحریری جواب کیلیے مزید مہلت طلب

القمر

 

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس ) پشاور کیس میں وفاقی حکومت نے عدالت عظمیٰ سے وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب جمع کرانے کے لیے وقت مانگ لیا۔گزشتہ روزایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی کی جانب سے عدالت عظمیٰ میںجمع کرائی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ اے پی ایس پشاور کیس میںوزیراعظم کا دستخط شدہ جواب جمع کرانے کے لیے 3ہفتے کی مہلت دی جائے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاورکے شہداکی 16 دسمبر کو برسی ہے،وزیراعظم عمران خان نے شہدا کے
والدین سے ملاقات کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دی ہے، مناسب ہوگا کہ شہدا کے والدین اور کمیٹی کی ملاقات کا نتیجہ سامنے آنے دیا جائے۔عدالت سے استدعا ہے کہ جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے تاکہ عدالت کو جامع عملدرآمد رپورٹ پیش کی جائے۔واضح رہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کیس میں10نومبر 2021 ء کی سماعت میںعدالت عظمیٰ نے وزیر اعظم عمران خان کا دستخط شدہ جواب4ہفتے میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں اسپیکر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر سماعت جنوری 2022ء کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔ عدالت عظمیٰ نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں آغا سراج کیساتھ شریک ملزمان کی عبوری ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع دیتے ہوئے نیب جواب کی کاپی آغا سراج کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ۔گزشتہ روزجسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج کی ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت آغا سراج کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالتی حکم کے مطابق میرے موکل نے نیب کو گرفتاری دے دی ہے،احتساب عدالت نے آغا سراج درانی کا جوڈیشل ریمانڈ کر دیا ہے ، آغا سراج درانی کی وراثتی جائداد کا درست تخمینہ نہیں لگایا گیا ۔ اس دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ پھر ہم نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیتے ہیں۔ا سپیشل پراسیکیوٹر نیب ستار اعوان نے اس موقع پر عدالت کو بتایا کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے جواب جمع کرا دیا گیا ہے ۔عدالت عظمیٰ نے نیب جواب کی کاپی آغا سراج کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے معاملہ پر سماعت جنوری 2022 ء کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کرکے آغا سراج کیساتھ شریک ملزمان کی عبوری ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع دیدی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے