English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دھرنا ختم ، حکومتی وعدوں کا ماہانہ جائزہ لیں گے ، بھارتی کسان

القمر

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں کسان مظاہرین نے حکومت کی طرف سے مطالبات کو پورا کرنے کے وعدے کے بعد ایک سال سے جاری تحریک کو معطل کرنے کا اعلان کردیا۔ سنگھو بارڈر پر اس کا اعلان کرتے ہوئے کسان رہنما بلویر راجیوال نے کہا کہ کسان کل دہلی کی سرحدوں اور ملک کے دیگر مقامات سے دھرنا اٹھائیں گے ۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ احتجاج کو معطل کرنے کا فیصلہ مورچہ کی میٹنگ میں حکومت کی طرف سے ان کے مطالبات کو پورا کرنے کے وعدے کے بعد کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں تحریک کی قیادت کرنے والی دیگر تنظیموں کے کسان رہنما بھی موجود تھے۔ راجیوال نے بتایاکہ ہم ہر ماہ حکومت کے وعدوں کو پورا کرنے کے کام کا جائزہ لیں گے اور اسی کی بنیاد پر مزید حکمت عملی طے کی جائے گی۔ ,11 دسمبر کو وہ کسان جو دہلی اور دیگر مقامات پر ایک سال سے زیادہ عرصے سے پھنسے ہوئے ہیں اپنے گھروں کو لوٹنا شروع ہو جائیں گے۔ ایک اور کسان رہنما یوگیندر یادو نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ وہ کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔ ایم ایس پی کے تحت خریداری موجودہ حالت پر جاری رہے گی۔ حکومت نے ایم ایس پی کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ کسان تحریک 15 جنوری کو دہلی میں اجلاس کا انعقاد کرے گی، جس میں حکومت کے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ برس مودی سرکار نے زراعت سے متعلق 3متنازع قوانین کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں کاشت کاروں نے مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ ا س کے بعد کسانوں نے اتحاد بنا کر تحریک شروع کی ،جس کے تحت ملک بھر کے کسانوںکو دارالحکومت پہنچ کر دھرنا دینے کی کال دی گئی۔ کاشت کاروں نے دارالحکومت میں ایک برس سے جاری دھرنے کے دوران بارش، سیلاب، ٹھنڈ، گرمی، بھوک پیاس سمیت دیگر سخت حالات کا سامنا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے