ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سارو گنگولی نے ویرات کوہلی کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کی وجہ بتادی ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بھارتی کرکٹ بورڈ سارو گنگولی نے کہا کہ بی سی سی آئی نے ویرات کوہلی سے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی نہ چھوڑنے کی درخواست کی تھی لیکن وہ اس پر راضی نہیں ہوئے جس کے بعد سلیکٹرز کو وائٹ بال فارمیٹ میں دو الگ الگ کپتان رکھنا مناسب نہیں لگا اور اسی بنا پر کوہلی سے ون ڈے فارمیٹ کی کپتانی واپس لی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہےکہ ٹیسٹ فارمیٹ کی کپتانی ویرات کوہلی کے ہی پاس رہے گی جس سے ذاتی طور پر کوہلی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ویرات کوہلی کی شاندار شراکت داری پر ان کے مشکور ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دنوں دورہ جنوبی افریقا کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا اوراس موقع پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کپتان روہت شرما کو ون ڈے کا کپتان مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔

