اسلام آباد(آن لائن )پا کستان مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ گرین لائن منصوبے سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان ہمارے منصوبوں پرتختیاں لگا کر اور افتتاح کرکے فخر محسوس نہ کیا کریں، کراچی میں احسن اقبال پر تشدد کی تحقیقات کرائی جائے، ملک کرپشن کی نذرہو گیا، عمران خان کو حساب دینا ہو گا،حالات ایسے ہو گئے کہ وزیراعظم اپنے ارکان پارلیمنٹ کے لیے بھی باعث شرم بن چکے۔ ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کہتی ہے کہ اس حکومت کا احتساب غیر جانبدار نہیں ہے،93 فیصد لوگ کہتے ہیں سب سے مہنگا ئی پی ٹی آئی کے دور میں بڑھی ہے،86 فیصد عوام کہہ رہے ہیں 3 سال میں انکی آمدن سکڑ گئی ہے،بے روز گاری بھی ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے،عوام سمجھتے ہیں نالائقی اور نااہلی اور کرپشن بلند ترین سطح پر ہے،اب وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کے لگائے منصوبہ کی افتتاح کریں گے، کرائے کے ترجمان سمجھتے ہیں کہ عوام کو بیوقوف بنایا جاسکتا ہے مگر لوگ سچ جانتے ہیں،گرین لائن کراچی کا منصوبہ میاں محمد نواز شریف کا منصوبہ تھا، آج عمران خان ان منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا رہے ہیں ۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ کورونا ریلیف فنڈ پر بھی ان چوروں نے ڈاکا ڈالا ، گرینوس سیل بنائے تاکہ اپنی کرپشن چھپائی جاسکے، آڈیٹر جنرل کہہ رہا ہے 40 ارب روپے کا کورونا فنڈ میں ڈاکا ڈالا گیا ہے ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں فیک ٹرانزیکشن ہوئیں جسکا کوئی ریکارڈ نہیں، 25 ارب روپے کا اس پروگرام میں بھی ڈاکا ڈالا گیا ہے، یوٹیلیٹی کارپوریشن میں ناقص اشیاء خریدیں گئی کسی قسم کی مانیٹرنگ نہیں تھی،اس میں 10 بلین میں کا ڈاکا ڈالا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے میں 6 ارب کا ڈاکا ڈالا گیا ہے،حق دار لوگوں کا پیسہبنی گالہ ٹرانسفر کیا گیا ۔مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ ہم مہنگائی کے لحاظ سے دنیا کے تیسرے نمبر کے ملک ہیں،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں نشاندہی ہے کہ بجلی اور گیس میں مافیاز گھسے ہوئے ہیں۔
