رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے ٹاپ فائیو بائولرز میں 2 پاکستانی پیسرز بھی شامل ہیں۔
سال 2021ء میں پاکستانی بولرز نے ہر فارمیٹ میں خوب وکٹیں اڑائیں، شاہین آفریدی اور حسن علی پر مشتمل پیس اٹیک بلے بازوں کے لیے خوف کی علامت بنا رہا۔ ون ڈے، ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ فارمیٹس میں پاکستانی بائولرز کی جوڑی چھائی رہی۔ایک سال میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں 9 میچوں میں 17.06 کی اوسط سے 47 وکٹوں کے ساتھ شاہین آفریدی دوسرے جب کہ حسن علی 8 میچوں میں 16.07 کی اوسط سے 41 وکٹیں حاصل کرکے تیسرے نمبر پر براجمان ہیں، حسن نے 2021ء میں 5 مرتبہ اننگز میں 5 یا زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔
بھارتی آف سپنر روی چندرن ایشون 52 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر ہیں۔بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاہین شاہ آفریدی نے رواں سال کی 42 ویں وکٹ حاصل کر کے روی ایشون کو پیچھے چھوڑا تھا تاہم نیوزی ?لینڈ کے خلاف سیریز میں ایشون نے دوبارہ نمبر ون پوزیشن حاصل کی۔ ٹاپ فائیو بائولرز میں اکشر پٹیل 36 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 32 وکٹوں کے ساتھ 5ویں نمبر پر ہیں۔

