English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ اسمبلی:احتجاج پر وزیراعلیٰ پھٹ پڑے ،اپوزیشن کو جاہل قرار دیدیا

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

کر اچی (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کا دکھ ہے کہ سندھ اسمبلی میں ان کا واسطہ ایک ان پڑھ اپوزیشن سے پڑا ہے جسے آئین و قانون سمیت کسی چیز کی کوئی سمجھ ہی نہیں ہے ،وہ صرف شور شرابا اور ہنگامہ کرنا جانتی ہے،جو اس نے ترمیمی بلدیاتی قانون کی منظوری کے وقت بھی کیا حالانکہ یہ بلدیاتی بل صوبے کے عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں بلدیاتی بل کی منظوری کے بعد ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر اعلیٰ کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان نے ڈیسک بجاکر ان کے خطاب کا خیرمقدم کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بل 10روز میں صوبے میں نافذ العمل ہوجائے گا،انہیں بہت دکھ ہے کہ آج یہاں بل پر بلاوجہ احتجاج کیا گیا ،ایوان میں جس طرح لسانیت شروع کی گئی وہ بھی افسوس ناک ہے،کچھ لوگ صوبائی اسمبلی پر قبضے کی بات کررہے ہیں،ہمارے لیے یہ بات کرنا انتہائی نامناسب ہے، سندھ اسمبلی میںپیپلزپارٹی کی اکثریت ہے جسے کس طرح قبضہ کہا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بڑے جذباتی انداز میں کہا کہ کیا تم اسلام آباد سے آکر قبضہ کرنا چاہتے ہو؟ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں پاکستان کا حصہ سمجھیں،ہمیں کچھ اور سوچنے پر مجبور نہ کریں،سندھ کے لیے سندھ کی اقلیت نہیں بلکہ اکثریت فیصلہ کرے گی، تم لوگ اقلیت میں ہو اور آئندہ بھی اقلیت ہی میں رہوگے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب سے قائم ہوئی ہے سندھ کے عوام اسے مسلسل منڈیٹ دیتے چلے آرہے ہیں اور اب تک ہر الیکشن میں اس نے سب سے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ایم کیو ایم کا نام لیے بغیر کہا کہ لسانیت مت پھیلائیں ،لسانیت پھیلانے والا لندن بیٹھا ہے مگراس کی سوچ ان کے اندر سے نہیں نکلی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے بنیں، پاکستان سے محبت کریں،سندھ سے محبت کریں ، جب تک محبت نہیں کریںگے سندھ والے مسترد کرتے رہیںگے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی بل میں اعتراضات دور کیے گئے ہیں،شہروں میں ٹائون سسٹم کو بحال کیا گیا ہے،پورے سندھ کے اسپتالوں کی مانیٹرنگ لوکل کونسل کو دیدی ہے۔صوبے کی بدقسمتی ہے کہ ان پڑھ اپوزیشن آگئی ہے، وفاق میں بھی ایک ان پڑھ جاہل حکومت آگئی ہے، مہنگائی کا طوفان ہے ،گھروں کے چولہے بند کردیے یہاں بھی سب بھوکے بیٹھے ہیں کیونکہ گھروں میں گیس نہیںتھی، یہ اوپر جو سلیکٹڈ بیٹھا ہے وہ ہاتھ جوڑے اور ملک کی جان چھوڑ دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے