لاہور (سید وزیر علی قادری)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے اتنے کم عرصے میں سب کچھ ٹھیک ہوجائے ناممکن ہے، وہ پی ایس ایل ڈرافٹنگ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ محض 3 ماہ مجھے عہدہ سنبھالنے ہوئے ہیں۔ سب کچھ دیکھ رہا ہوں ان شاء اللہ بہتری پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیمز کو جدید تقاضوں کے مطابق کرنے کے لیے 5سال درکار ہیں یہ ان کا کام تھا جو مجھ سے پہلے اس سیٹ پر براجمان تھے۔ انہوں نے کہا غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان نہ اکر پی ایس ایل میں حصہ نہ لینے سے فرق نہیں پڑتا دنیا میں پڑوسی ملک کے علاؤہ کہیں اس پر انحصار نہیں کیا جاتا۔ آسٹریلیا میں صرف 2 غیر ملکی کھلاڑی ہیں اسی طرح نیوزی لینڈ میں تو کوئی بھی دوسرے ملک کا کھلاڑی نہیں کھیل رہا۔ پی ایس ایل ایک اہم برانڈ ہے غیر ملکی کھلاڑیوں کو لانے کے حوالے سے کوشش میں کوئی مضائقہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو اچھا سے اچھا اور دنیا میں مقام دلانے کے لیے اپنی طرف سے تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔

