لاہور(وقائع نگار خصوصی )امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا طوفان آمڈ آئے گا حکمرانوں نے بے حسی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کو عوام کے مسائل اور ان کے حل سے کوئی سروکار نہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے تمام معاہدوں کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ موجودہ حکمرانوں نے بھی عوام کے جذبات کو مجروح کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رو ز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے منافع بخش ادارے اب قومی خزانے پر بھاری بوجھ بن چکے ہیں۔ ہر ادارے میں کرپشن اور بد عنوانی کی لمبی داستانیں دکھائی دیتیں ہیں۔آئے روز اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں۔قومی اداروں کو بہتراورفعال بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ان سے کالی بھیڑوں کو فی الفور نکالا جائے۔ ملک و قوم اس وقت سنگین بحران سے دوچار ہے۔ موجودہ حالات کو دیکھ کر عوام میں مایوسی پھیلتی چلی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ملک میں روزانہ 12 ارب اور سالانہ 4300 ارب روپے کی کرپشن لمحہ فکر ہے۔ رہی سہی کسر 10 ارب روپے کی منی لانڈرنگ نے پوری کردی ہے۔ 22کروڑ کی آبادی والے ملک میں صرف 20لاکھ افراد ٹیکس ادا کرتے ہیں جوکہ اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ محمد جاویدقصوری نے مزید کہا کہ غربت،مہنگائی،بے روزگاری،بددیانتی،کرپشن اورمعاشی عدم استحکام جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیاہے۔مختلف ٹیکس لگاکر عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاجارہا ہے۔حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ اقدامات اور قرضوں کی دلدل نے ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑاکیاہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان ظالم حکمرانوں سے بجات حاصل کی جائے۔
