
کراچی(سید وزیر علی قادری /اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اور ویسٹ انڈیز ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میںبھی تماشائیوں کی تعداد انتہائی کم رہی ۔ پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز شائقین کرکٹ کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں مکمل ناکام رہی ۔ اس سلسلے میں شائقین کرکٹ سے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گھرمیں بیٹھ کر زیادہ لطف اندوز ہوسکتے ہیں، اسٹیڈیم جانے کے لیے سب سے پہلے سیکورٹی سے نبرد آزما ہونا پڑتا ہے ، اس طرح کئی بندشیں بھی شائقین پر لگائی گئی ہیں کہ اب دل نہیں کرتا کہ اسٹیڈیم جا کر میچ دیکھیں ۔ ایک اور کرکٹ لور نے بتایا کہ مہنگائی اتنی ہوگئی ہے کہ گھرکا چولہا جل جائے تو بڑی بات ہے۔ واضح رہے کہ تماشائیوںکو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے ون ڈے سیریز میں پی سی بی کی جانب سے تماشائیوں کو مفت داخلے کی اجازت دینے کا امکان ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز میں تماشائیوں کی عدم دلچسپی پی سی بی حکام کے تشویش کا باعث بن گئی۔ شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم آنے کی رغبت دلانے کے لیے بورڈ نے اہم اجلاس بلا لیا۔ذرائع کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ اجلاس میں پی سی بی کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ شعبوں کے ذمہ داران نے زوم کے ذریعہ شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد متعدد فیصلوں پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ون ڈے سیریز میں تماشائیوں کو مفت داخلے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔دوسری طرف پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں تماشائیوں کی تعداد کم ہونے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے شکست دی تھی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں تماشائیوں کی تعداد کافی کم نظر آئی جس کا اظہار گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی کیا تھا۔اب سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر نیشنل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد کم ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔وسیم اکرم نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نیشنل اسٹیڈیم کو خالی دیکھ کر ناقابل یقین حد تک دکھ ہوا، خاص طور پر پاکستانی ٹیم کی گزشتہ ماہ کی پرفارمنس کے بعد۔سابق کپتان قومی ٹیم نے مزید کہا کہ مجھے تماشائیوں کی تعداد کم وجہ معلوم ہے لیکن میں آپ لوگوں سے سننا چاہتا ہوں کہ مجھے بتائیں کہ شائقین کہا ں ہیں۔ وسیم اکرم کے سوال کے جواب پر کئی شائقین نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے جس میں سے ایک شخص کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے اس قابل نہیں چھوڑا کہ اسٹیڈیم جاکر میچ دکھیں۔
