English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جن قوتوں کے کرتوتوں سے پاکستان ٹوٹا انہیں سبق حاصل کرنا چاہئے،محمد حسین محنتی

کراچی:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جن قوتوں کے کرتوتوں سے پاکستان ٹوٹا ان کو سبق حاصل کرنا چاہئے، پاکستان قیامت کی صبح تک قائم رہے گا، 16دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین اور المناک دن ہے جس دن دشمنوں کی مکاری اور اپنوں کی نااہلی وغداری سے اسلام کے نام پر حاصل ہونے والا ملک دولخت ہوا، یومِ سقوط ڈھاکہ  پر ہمیں یہ عزم کرناچاہئے کہ اپنے ذاتی مفادات،سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی مفادات کو ترجیح ، ہر چند کو قربان کرکے سالمیت پاکستان اور اسلامی وخوشحال پاکستان کیلئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کرتے رہیں۔

 محمد حسین محنتی نے ان خیالات کا اظہار قباء آڈیٹوریم میں یومِ سقوط ڈھاکہ کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی نائب امیرممتازحسین سہتو،مجاہدچنا نے بھی خطاب کیا جبکہ ناظم عمومی محمد دین منصوری نے پاکستان کی ترقی وسالمیت کے لیے خصوصی دعاکرائی۔ صوبائی امیرکا کہنا تھاکہ 16دسمبر1971کو دشمن نے ہماری کوتاہیوں کا فائدہ اٹھاکر اسلام کے نام پر حاصل ہونے والی مملکت دوٹکڑوں میں تقسیم کردی تھی۔ آج ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے یوم سقوط ڈھاکہ کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے، پاکستان اسلام کے نام پر حاصل ہوا اور ان شاء اللہ اس ملک پر اسلام نافذ ہوکر رہے گا۔

امیر جماعت اسلامی سندھ کا کہنا تھا کہ گوادر بلوچستان سمیت جو لوگ آئین وقانون کے مطابق اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ان کی بات کو سناجائے۔ سانحہ اے پی ایس کے سدباب اور ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے، پاکستان ایک عظیم ونظریاتی مملکت ہے اسلام وبڑی قربانیوں کے بعد حاصل ملک میں آج تک ایک دن کیلئے بھی اسلام کو نافذ نہیں کیا گیا، بڑے عرصہ تک دستور تیار اور نہ جمہوریت پر عمل کیا گیا، جن قوتوں کے کرتوتوں سے پاکستان ٹوٹا ان کو سبق حاصل کرنا چاہئے اور ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار پر آئین وقانون کے مطابق عمل کرنا چاہئے، 

ملک کو دولخت ہونے سے بچانے اور ملک سے محبت کرنے والوں کو آج بھی بنگلادیش میں پھانسیاں دی جارہی ہیں، بلوچستان میں نواب اکبر بگٹی کا قتل، گمشدہ افراد ،غیر ضروری چیک پوسٹوں کے ذریعے لوگوں کی تذلیل اور گوادر میں لوگ اپنے حقوق کیلئے سراپا احتجاج ہیں ایسے واقعات ہی سقوط ڈھاکہ جیسے سانحات کو جنم دیتے ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے