English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارتی کسانوں کی واپسی ، ریل کی پٹڑی پر دھرنا شروع

چندی گڑھ: بھارتی ریاست پنجاب میں کسانوں نے ریل کی پٹڑیوں پر دھرنا دے رکھا ہے

چندی گڑھ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں کسان سڑکوں سے اٹھنے کے بعد ریل کی پٹڑیوں پر بیٹھ گئے، جس سے ملک نئی پریشانی کا شکار ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق سال بھر سے جاری احتجاج کے ختم ہونے اور کسانوں کے دہلی کی سرحدیں خالی کرنے کے چند دن بعد ہی پنجاب میں ایک نئی ہلچل شروع ہو گئی ہے ۔ کسانوں نے ریاست کے مختلف مقامات پر ریل کی آمدو رفت کو روک دیا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ مودی سرکار سال بھر سے جاری احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ اداکرے۔ اس کے علاوہ کاشت کاروں پر سے تمام قرضے معاف بھی کیے جائیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ مطابق ریلوے لائنوں کی بندش کے باعث 156 ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوگئی ہے۔ کسان مزدور سنگھرش کمیٹی کے ترجمان کا اپنے بیان میں کہناتھا کہ حکومت احتجاج میں شامل افراد کے خلاف درج کیسوںکو واپس لے۔ اسی طرح فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے عوض میں فی ایکڑ 50 ہزار روپے دیے جائیں۔ اس کے علاوہ فصل کے واجبات کی ادائیگی اور ٹھیکے دارانہ نظام کا خاتمہ بھی ان کے مطالبات میں شامل ہے۔ کسان رہنما ستنام سنگھ پنو کے مطابق مطالبات مانے جانے تک کسی صورت دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ 28 ستمبر کو ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کی جانب سے ان باتوں کا ہمیں یقین دلایا گیا تھا ،تاہم بعد میں ریاستی حکومت نے ان پر عمل بند کر دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس وقت جاری 4مقامات پر دھرنے کے بعد آج سے پنجاب کے مزید 3مقامات پر دھرنا دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس وقت کسان فیروز پور، ترن تاران، امرتسر اور ہوشیار پور میں پٹریوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے