کراچی(سید وزیر علی قادری) پاکستان کا سب سے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی کا ڈے اینڈ نائٹ فائنل آج سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔پنک بال سے کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور ناردرن کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ ناردرن نے ایونٹ کے10 راؤنڈ میچز میں 4 فتوحات اور 4 میچز ڈرا کرکے 132 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس دوران اسے صرف2 میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود خیبرپختونخوا کی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 150 ہے۔ اس دوران انہیں4 میچز میں فتح اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دفاعی چیمپئن کے 5 راؤنڈ میچز ڈرا پر ختم ہوئے۔قائداعظم ٹرافی کی فاتح ٹیم کو ٹرافی سمیت ایک کروڑ جبکہ رنرزاپ کو 50لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ ناردرن کے کپتان نعمان علی کا کہنا ہے کہ ناردرن نے ایونٹ کے راؤنڈ میچز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خصوصاََ اختتامی راؤنڈز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی انتہائی متاثرکن رہی۔ انہوں نے کہا کہ پنک بال سے ایونٹ کا فائنل کھیلنا ایک مختلف چیلنج ہوگا، جس سے وہ نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہیں۔خیبرپختونخوا کے کپتان افتخار احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 سال کے مقابلے میں ایونٹ قدرے زیادہ مسابقتی رہا۔وہ ایونٹ میں خیبرپختونخواہ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کی ٹیم ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے میں کامیاب رہے گی۔ٹاپ پرفارمرز:خیبرپختونخوا کے صاحبزادہ فرحان فی الحال 924 رنز بناکر ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ وہ اب تک 3 سنچریاں اور5 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں جبکہ اس دوران ان کے رنز بنانے کی اوسط 57.75 رہی ہے۔
