
ڈھاکا (انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلادیش میں مسافر بردار کشتی میں آتشزدگی کے نتیجے میں 39افراد جاں بحق ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ ڈھاکا سے250کلومیٹر دورپیش آیا۔ حادثے کے وقت کشتی میں 300مسافر سوار تھے۔ حادثہ جمعہ کے روز صبح سویرے ملک کے جنوبی حصے میں پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکن فوری طور پر سوگندھا دریا پر پہنچ گئے اور 100سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ انجن کے روم سے شعلے بھڑکنے شروع ہوئے اور جلد ہی پوری کشتی کو لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے وقت کشتی ڈھاکا سے 250کلومیٹر دور جنوب میں واقع ایک دیہاتی علاقے جھلوکاٹی کے نزدیک ہی بہنے والے دریائے سوگندھا کے قریب تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ 3گھنٹوں بعد کشتی میں لگی آگ پر قابو پایا جا سکا۔زیادہ تر اموات جلنے اور ڈوبنے سے ہوئیں۔ واضح رہے کہ بنگلا دیش میں سفر اور مال برداری کے لیے آبی راستے انتہائی اہم قرار دیے جاتے ہیں۔ 103دریاؤں پر مشتمل ملک میں انہی آبی راستوں میں ماضی میں بھی کئی حادثے رونما ہو چکے ہیں۔تاہم گزشتہ کچھ برسوں میں حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔
