کراچی (اسٹاف رپورٹر):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کے نشریاتی حقوق کے لیے پی ٹی وی اور اے آروائے کے کنسوریشم سے تاریخی معاہدہ کرلیا ۔پاکستان میں رہنے والے کرکٹ شائقین اب پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کا ایڈیشن پی ٹی وی ا سپورٹس اور اے اسپورٹس پر براہ راست ملاحظہ کرسکیں گے۔دونوں فریقین نے لاہور میںپی سی بی ہیڈکوارٹرز میں معاہدے پر دستخط کیے۔اس کنسورشیم نے ٹی وی براڈکاسٹ حقوق کے لیے سب سے زیادہ، 4ارب 35کروڑ 7لاکھ 86ہزار 7سو چھیاسی روپے کی بولی لگا کر نشریاتی حقوق حاصل کیے، جو گزشتہ 6ایڈیشنز کے مقابلے میں 50 فیصد زائد کی بولی ہے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا کہ وہ اس تاریخی معاہدے پر پی ٹی وی ، اے آروائے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہماری قومی شناخت بن چکاہے جو شائقین کرکٹ کو تیزی سے اپنی طرف راغب کررہا ہے۔ شائقین کرکٹ بھی لیگ کے میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں ا سٹیڈیم کا رخ کرکے پی ایس ایل کے برانڈ کے لیے اپنی غیر مشروط حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔رمیز راجا نے کہا کہ پی ایس ایل نہ صرف پاکستان کے شائقین میں بلکہ غیر ملکیوں میں بھی مقبول ہے، جہاں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شائقین ِکرکٹ اس لیگ سے محظوظ ہوتے ہیں۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ مثالی ہے کیونکہ یہاں ہم نے ٹی وی حقوق کے فروخت کے لیے بے مثال قیمت حاصل کی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ پی ایس ایل کتنا بڑا برانڈ بن چکا ہے ۔ پاکستان سپر لیگ کا 7واں ایڈیشن 27 جنوری سے نیشنل ا سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔7فروری کے بعد دوسرا مرحلہ 10فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا اور فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔

