لاہور:امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجا ب وسطی محمد جاوید قصوری ، سیکرٹری جنرل نصراللہ گورائیہ، نائب امراء سردار ظفرحسین خان، وقاص احمدبٹ ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ ساجد اقبال ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمدفاروق چوہان اورڈپٹی سیکریٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے لاہور پریس کلب کے انتخاب میں کامیاب ہونے والے نو منتخب صدر اعظم چوہدری سیکرٹری عبدالمجید ساجد اوردیگر عہدیداران کو مبارکباددیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
رہنماوں کا کہنا تھا کہ صحافی برادری ان گنت مسائل کا شکار ہے۔ جب تک معاشرے کی خرابیوں اورحکمرانوں کی نااہلیوں کو اجاگر کرنے والوںکو معاشی لحاظ سے تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا اس وقت تک وہ اپنی ذمہ داری احسن انداز میں ادا نہیں کرسکتے ۔
انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2021 میں پاکستان میں 1993 سے لیکر اب تک 85 صحافیوں کو قتل کیا گیا جبکہ پوری دنیا میں قتل ہونے والے صحافیوں کی تعداد پندرہ سو کے قریب ہے ۔ امید کرتے ہیں کہ لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران صحافی برادری کو درپیش مسائل ترجیی بنیادوں پر حل کریں گے ۔ صحافی برادری کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے ۔
صحافی برادری اپنی جان ومال کی فکر کیے بغیر اپنا فریضہ سرانجام دیتی ہے ۔ ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے ۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس وقت صحافتی برادری سخت بحران کا شکار ہے۔ ملک میں آزادی صحافت، آزادی اظہار رائے اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل کا حل ترحیجی ایجنڈا بنانا ہو گا۔چند برسوں سے ملکی معیشت تیزی سے رو بہ زوال ہے۔ اس زبوں حالی کے منفی اثرات صحافیوں پر بھی براہ راست پڑے ہیں۔جماعت اسلامی آزادی رائے کا احترام کرتی ہے اور ہم صحافیوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے۔

