English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارتی ریاست کرناٹک کے کالج میں حجاب پر پابندی، طالبات کا اظہار برہمی

بھارتی ریاست کرناٹک کے علاقے بالا گاڑی میں سرکاری کالج نے حجاب پر پابندی لگادی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی دیگر ریاستوں کی طرح کرناٹک میں بھی گزشتہ چند ماہ سے ہندو انتہا پسندوں کی دیدہ دلیری بڑھ گئی ہے، نفرت کی آگ اب تعلیمی اداروں میں بھی بھڑکائی جارہی ہے۔ریاست کرناٹک کے سرکاری کالجز میں ہندو انتہا پسند طلبہ اور طالبات زعفرانی رنگ کے اسکارف پہن کر آتے ہیں اور مسلمان طالبات پر دباؤ ڈالتے ہیں کہ وہ حجاب نہ کریں۔کرناٹکا کے شہر بالاگاڑی میں واقع ایک سرکاری ڈگری کالج کی انتظامیہ نے کیمپس کے اندر حجاب اور زعفرانی اسکارف پر ہی پابندی لگادی ہے۔کالج کے پرنسپل اننت مورتی نے کہا کہ حجاب کے معاملے پر کالج کے اساتذہ کا اجلاس طلب کیا گیا جس کے بعد ہی حجاب اور اسکارف پر پابندی لگائی گئی ہے۔اننت مورتی نے مزید کہا کہ مسلم طالبات چاہیں تو اپنے سر کو ڈھانپنے کے لیے شال یا چادر استعمال کرسکتی ہیں، اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے کالج سے نکال دیا جائے گا۔ڈگری کالج میں تقریباً 850 طلبہ ہیں جن میں سے ایک چوتھائی مسلمان ہیں۔ حجاب کرنے والی طالبات نے کالج کے اس فیصلے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل کرناٹک کے ضلع اڈوپی میں بھی ایک سرکاری کالج کے پرنسپل نے مسلم لڑکیوں کو حجاب پہن کر کیمپس میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔طالبات کی جانب سے شدید احتجاج کے باعث پرنسپل کو اپنے احکامات واپس لینا پڑے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے