کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اسپورٹس جرنلسٹس کی تنظیم سجاس کے انتخابات ملتوی کردیے گئے، حکومت سندھ کے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے خط کے زریعے حکم جاری کیا ۔متن میں کہا گیا ہے کہ سجاس نامی تنظیم ہمارے ہاں رجسٹرڈ نہیں ۔ لہذا کسی بھی قسم کے نتائج کی ذمہ داری سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کی نہیں۔ دریں اثنا الیکشن کمشنر عطا تبسم نے بھی سجاس کے انتخابات کے ملتوی ہونے کا اعلان کردیا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ناگزیر وجوہات کی بنا ء پر سجاس کے انتخابات ملتوی کیے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ سجاس کے ایک بانی رکن کی جانب سے 5جنوری کو خط کے زریعے الیکشن کمشنر سے بے ضابطگیوں کی بابت نشاندہی کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ آپ کی غیر موجودگی میں الیکشن کمیشن کا کوئی رکن موجود نہیں تھا اور جو انتخابات میں حصہ لے رہے تھے انہوں نے ہی فارم کا اجرا کیا اور اسی روز وصول بھی کیا۔ تاہم انتخابات میں حصہ لینے والے صدر کے لیے امیدوار مقصود احمد اور سیکریٹری کے لیے امیدوار انیس الرحمن نے انتخابات کے شفاف ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور مقصود احمد نے حکومت سندھ کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرکے انتخابات کے التوا کی درخواست کی جو قبول کرلی گئی۔ سجاس کے ہم خیال گروپ اور فائونڈر پینل نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ترجمان کا کہنا ہے کہ اب سجاس سے ان تمام عناصر کو فارغ کیا جائے جنہوں نے ایسوسی ایشن کو اس حال میں لاکر کھڑا کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سجاس کے تمام معاملات کو غیر جانبدار کمیٹی بناکر اسے اسر نو فعال کرے اور غیر آئینی، غیر جمہوری اور خودساختہ یکطرفہ انتخابات میں کامیابی کا تاثر دینے والوں کے خلاف فوری سجاس کا عام اجلاس بلا کر ایسے ممبران کی سرزنش کی جائے۔ سجاس کے انتخابات آج کراچی پریس کلب میں شیڈول تھے۔
